پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سب کا علاج پاکستان میں ہوگا، میرا اور میرے والد کا علاج شوکت خانم اسپتال میں ہوا، شریف خاندان نے ایسا کوئی اسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ہوسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوکت خانم اسپتال کے زیر اہتمام افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ شہری اب زیادہ عطیات دے رہے ہیں، کینسر کا علاج ہوسکتا ہے، کینسر کے علاج دن بدن آسان ہوتا جارہا ہے، کینسر کی ابتدائی مراحل میں تشخیص ہوجائے تو علاج ہوسکتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ لوگ کینسر سے مرتے ہیں، تیسرا کینسر اسپتال کراچی میں بنے گا جو لاہور اور پشاور سے بڑا ہوگا، 20 کروڑ کی عوام کے لیے تین اسپتال کافی نہیں ہیں، دنیا میں کہیں بھی 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج والا کینسر اسپتال نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کینسر کا علاج سب سے مہنگا ہے، 90 فیصد مریض اپنا علاج نہیں کراسکتے ہیں، اوسطاً 10 لاکھ کا علاج ہوتا ہے، یورپ میں یہ علاج ایک کروڑ میں پڑتا ہے، کینسر اسپتال کے اخراجات سب سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کا کینسر اسپتال 70 کروڑ روپے میں تعمیرا ہوا ہے، 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کا خسارہ 6 ارب روپے ہے، اپنی قوم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، نئے پاکستان میں وی آئی پی کو باہر علاج کے لیے فنڈز نہیں دیا جائے گا۔