اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا علاج لندن سے آئے ہوئے ڈاکٹر نے کیا۔
میڈیا اور سیاسی حلقوں میں اب دنوں یہ باتیں زیر بحث ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طبیعت خراب ہونے پر لندن سے ایک ماہر ڈاکٹر کو معائنے کے لیے بلایا گیا یا نہیں؟ جس کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کردی۔
عمران خان کے علاج پر کیا ہوا؟
عمران خان کے علاج سے متعلق رانا ثنااللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق تمام تر اقدامات کیے گئے، عمران خان کو اسپتال لے جایا گیا، میڈیکل بورڈ کے ذریعے معائنہ کرایا گیا، بچوں سے فون پر بات چیت اور ملاقات سمیت عدالت کی ہدایات پر عمل کیا گیا اور اس تمام کارروائی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔
شِفا اسپتال منتقل نہ کیے جانے سے متعلق سوال پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس کی وجوہات بھی عدالت میں پیش کی گئی ہیں، ان کے مطابق شِفا اسپتال میں معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں ہی نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں صحت مند قرار دیا۔
کیا لندن سے خصوصی ڈاکٹر بلایا گیا تھا؟
عمران خان کے بلڈ پریشر کے مسئلے کے باعث لندن سے خصوصی ڈاکٹر بلائے جانے کے دعوے پر رانا ثنااللہ نے وضاحت کی کہ مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات میں اس حوالے سے بات ضرور ہوئی تھی، تاہم ان کی سمجھ کے مطابق کسی ڈاکٹر کو خصوصی طور پر لندن سے عمران خان کے علاج کے لیے نہیں بلایا گیا تھا۔
ان کے مطابق مختلف ڈاکٹر معمول کے مطابق پاکستان آتے رہتے ہیں اور بعض ڈاکٹر لیکچرز یا دیگر پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے لیے بھی آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کوئی ڈاکٹر اس دوران موجود ہو اور اس سے مشورہ کیا گیا ہو، لیکن اسے خصوصی طور پر بلائے جانے کی بات درست انداز میں بیان نہیں ہوئی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس معاملے پر ہونے والی گفتگو بعض اوقات آف دی ریکارڈ بھی تھی، تاہم چونکہ یہ بات مذاکراتی نشست میں سامنے آئی تھی، اس لیے انہوں نے اسے مکمل طور پر مسترد نہیں کیا۔
پی ٹی آئی کا دہشت گردی کیخلاف کردار
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی کو دہشت گردی اور غیر ملکی جارحیت کے خلاف وفاقی حکومت کے ساتھ غیر مشروط طور پر کھڑا ہونا چاہیے۔
ان کے بقول سیاسی اختلافات اور مذاکرات اپنی جگہ لیکن ملکی سلامتی کے معاملے پر کوئی اگر مگر نہیں ہونا چاہیے اور سیاسی قیادت کو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔
مذاکرات یا لانگ مارچ؟ حکومت کا مؤقف
پی ٹی آئی کی جانب سے رابطوں اور مذاکرات کی بات پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی مذاکرات کی پیشکش کی ہے، تاہم اس کے ساتھ یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ لانگ مارچ ختم کرکے مذاکرات کی میز پر بیٹھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک طرف لانگ مارچ جاری رہے اور دوسری طرف مذاکرات کی بات ہو تو یہ دونوں چیزیں بیک وقت کیسے چل سکتی ہیں؟ ان کے مطابق حکومت نے بات چیت کا راستہ بند نہیں کیا بلکہ مذاکرات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی جاچکی ہے۔
رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران سیاسی سرگرمیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکے میں پولیس اور کسٹمز اہلکار شہید ہوئے ہیں، حکومت اور سیاسی قیادت کو اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دینی چاہیے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے آئندہ چند دنوں تک جاری رہنے کی صورت میں ممکنہ سیاسی صورتحال اور ایمرجنسی یا گورنر راج کے امکانات سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئینی اختیارات کے استعمال کے لیے آئینی تقاضے پورے ہونا ضروری ہیں۔


