اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ بڑھتی آلودگی پاکستان کے لیےخطرے کی گھنٹی ہے، ماحولیاتی تبدیلی اورآلودگی کےخلاف پوری قوم کوکام کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے دہلی میں جاری بھارت اور سری لنکا کا تیسرا ٹیسٹ آلودگی کے باعث روکنے کا حوالہ دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بڑھتی آلودگی پاکستان کے لیےخطرے کی گھنٹی ہے، آلودگی کے بڑھتی سطح ہمارے بچوں کےلیےخطرہ ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اورآلودگی کےخلاف پوری قوم کوکام کرنا ہے۔
،
یاد رہے کہ دہلی میں دم گھٹنے والی آلودگی نے سری لنکن ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا تھا اور دہلی میں جاری بھارت اور سری لنکا کا تیسرا ٹیسٹ آلودگی کے باعث روکنا پڑگیا۔
ماحولیاتی آلودگی اتنی زیادہ تھی کہ بولرزکیلئے بولنگ کرنا عذاب تھا اور فیلڈنگ بھی امتحان سے کم نہ تھی، دنیش چندی مل سمیت پوری ٹیم ماسک پہن کر فیلڈنگ کرتی رہی، برداشت کی حد ختم ہوتی ہوئی تو لہرو گاماگے نے بولنگ سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ بھارتی دارلحکومت دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہرقرار دیا جا چکا ہے۔