اوباڑو : چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والوں کا سماجی مقاطعہ کیا جائے اور جب تک کرپٹ وزراء کو سزا نہیں دی جائے گی ملک کے حالات بہتر نہیں ہوں گے.
وہ سندھ کے شہر اوباڑو میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جس کے خاتمے کے لیے سب سے پہلے احتساب کرپٹ وزراء سے شروع کیا جائے اور عام آدمی کرپٹ لوگوں کا سماجی بائیکاٹ کرکے قطع تعلق کریں اس سے وہ لوگ تنہا رہ جائیں گے.
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ قومیں کس طرح معتبر ہوتی ہیں اس کی مثال چین اور سعودیہ میں دیکھی جا سکتی ہے، چین مختصر وقت میں 300 سے زائد چینی وزراء کو کرپشن کے الزام میں سزائیں دیں اور اسی طرح کل سعودی عرب میں بھی دس شہزادوں کو کرپشن میں ملوث ہونے پر حراست میں لیا گیا ہے.
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاملہ یہ ہے کہ مریم نواز جنہوں نے لائیو ٹی وی شو میں اعتراف کیا اور اب عدالت کے سامنے ایسے پیش ہوتی ہیں جیسی کوئی شہزادی تشریف لا رہی ہوں اور اس طرح وکٹری کا نشان بنایا جاتا ہے جیسے کوئی بہت قابل فخر کام کیا ہو چنانچہ اب عوام کو بھی چاہیئے کہ ایسے کرپٹ لوگوں کا سماجی مقاطعہ کیا جائے.
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکمران کرپشن کرتے ہیں جس سے ملک خسارے میں چلا جاتا ہے پھر اسے پورا کرنے کے لیے قرضے پہ قرضہ لیا جاتا ہے اور پھر کرپشن کی جاتی ہے اور پھر قرضہ لیا جاتا ہے اس طرح ملک کا بُرا حال کردیا گیا ہے اور زرداری و نواز باریاں لیے جا رہے ہیں.
عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عدالت نے اپنا کام کردیا ہے اب عوام بھی ایسے کرپٹ حکمرانوں کا سوشل بائیکاٹ کرتے ہوئے انہین آئندہ الیکشن میں ووٹ نہ دیں اور کرپشن کرنے والے ہر شخص سے سماجی رابطے ختم کردیئے جائیں یہاں تک کہ رشتہ دار بھی بع تعلق کرلیں تو ایسے کرپٹ لوگ اپنی موت آپ مر جائیں گے.
اس موقع پر انہوں نے اجتماع میں وعدہ لیا کہ اب کرپشن کے الزام میں پکڑے جانے والے افراد کا بائیکاٹ کریں گے اور انہیں آئندہ کبھی منتخب نہیں کریں گے جس پر پنڈال میں موجود ہر شخص نے نو کرپشن نو اور گو نواز گو کے نعرے بلند کیے.
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں حکومت ملی تو سب سے پہلے احتساب کے عمل کو شفاف اور تیز تر بنایا جس کا ثبوت یہ ہے کہ ایک ہی وزیر کرپشن کے الزام میں گرفتار ہوا اور وہ ہماری جماعت کا تھا اسی طرح اگر وفاق میں ہماری حکومت آتی ہے تو ہم سب سے پہلے اپنے وزراء کا احتساب کر کے نئی روایت ڈالیں گے.
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں غریب عوام کو باعزت روزگار، سستا انصاف اور صحت کی تمام سہولیات میسر ہوگئیں اور جہاں کسی چور یا ڈاکو کو چھوڑا نہیں جائے گا بلکہ پہلا موقع ہوگا کہ طاقت ور جیل میں نظر آئیں گے اور مظلوموں کو انصاف ان کے گھر پر ملے گا.