پیر, اگست 10, 2026
اشتہار

عظمیٰ خان کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مل گئی

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی (2 دسمبر 2025): بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کو اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات کی اجازت مل گئی۔

عظمیٰ خان آج عمران خان سے ملاقات کریں گی۔ سابق وزیر اعظم کی ہمشیرہ کچھ دیر میں اڈیالہ جیل کیلیے روانہ ہوں گی۔

واضح رہے کہ عمران خان سے آج وکلا اور اہل خانہ کی ملاقات کا دن ہے، اڈیالہ جیل کے اطراف اور مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ گورکھپور بائی گل اور ملحقہ آبادیوں میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر پر مشتمل وکلا کی 6 رکنی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلیے آج اڈیالہ جیل پہنچیں گی، علیمہ خانم اور پی ٹی آئی قیادت نے ملاقات تک احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے احتجاجاً باہر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ وہ پارلیمنٹ ہاؤس سے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب روانہ ہوئے۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان سے فیملی اور وکلا کی ملاقات کروائی جائے، عدالتی احکامات موجود ہیں لیکن پھر بھی ان سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، ان کے کیسز نہیں لگائے جا رہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نہیں لگے گا صوبہ آئین اور قانون کے مطابق چلے گا، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ایک دوسرے کو برداشت کرو اور اسپیس دو، آگے کا راستہ یہ ہی ہے کہ عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کا نقصان ہو رہا ہے ہم اس ایوان کے محافظ ہیں، سیاست کو اپنے مفادات کیلیے استعمال نہ کریں، ہم مذاکرات کیلیے تیار تھے لیکن حکومت پیچھے ہٹ گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں