جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

سلمان اکرم راجہ کی آج ہی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (4 نومبر 2025): اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل حکام کو سلمان اکرم راجہ کی آج ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروانے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کو بند کرنے کی غلام مرتضیٰ کی درخواست پر سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، اس موقع پر سلمان اکرم راجہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر پابندی سے متعلق کیس میں اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی جبکہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے جواب جمع کروانے کیلیے وقت مانگ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا عمران خان سے ملاقات کیلیے عدالت سے رجوع

دوران سماعت سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ میری عمران خان تک رسائی نہیں ہدایات لینے کے بعد ہی جواب دے سکتا ہوں۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس اختیار نہیں ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کرنی ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ جیل حکام نے آج آنا تھا وہ کہاں ہیں؟ جیل حکام نے کوئی رپورٹ جمع کروائی ہوئی ہے وہ لے لیجیے گا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فل بینچ کے حکم کے باوجود ہماری عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔ اس پر فاضل جج نے کہا کہ ہم یہ درخواست ملاقات کیلیے نہیں سن رہے۔

سلمان اکرم راجہ نے استدعا کی کہ عدالت یہ ہدایت کر دے کہ بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات کروا دی جائے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ فل بینچ نے عمران خان سے ملاقاتوں کا آرڈر کیا تو تھا۔

اس پر سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ وہ صرف زبانی آرڈر تھا تحریری حکمنامہ نہیں ملا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آرڈر نہیں ملا؟ ہم نے آرڈر پر دستخط کر دیے تھے آپ نے آرڈر کیلیے اپلائی نہیں کیا ہوگا۔

سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ ہم نے اپلائی کیا تھا کاپی نہیں ملی، اب دوبارہ کر دیتے ہیں۔ اس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ جیل حکام سلمان اکرم راجہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات یقینی بنائیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج ملاقات کا دن ہے آج ہی ملاقات کروانے کا حکم دیں۔ عدالت نے کہا کہ آج ہو یا آئندہ منگل ملاقات ہو جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے استدعا کی کہ آج ہی ملاقات کیلیے آرڈر میں لکھ دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ جیل حکام آج ہی بانی پی ٹی آئی سے سلمان اکرم راجہ کی ملاقات یقینی بنائیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسٹیٹ کونسل فون کال کے ذریعے جیل حکام کو آگاہ کریں۔

اس پر سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ آپ کے پچھلے آرڈر سے تو ہمیں ملاقات نہیں کرنے دی گئی آج پھر کوشش کر لیتے ہیں، کوشش جاری رکھیں گے کسی دن تو یہ دروازہ کھلے گا، پچھلے سات آٹھ ماہ سے مسلسل عدالتی حکم کی توہین کی جا رہی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کیس سے متعلق عمران خان سے مشاورت کیلیے وقت مانتے ہوئے کہا کہ ملاقات کر کے عدالت کو کیس سے متعلق آگاہ کروں گا۔

عدالت کی ان کو سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے کیس پر مزید سماعت ملتوی کر دی۔

اہم ترین

مزید خبریں