اسلام آباد : سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی کے موقع پر سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، جوڈیشل کمپلیکس کے باہر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
جوڈیشل کمپلیکس کی سڑک کوسیل کردیا گیا اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی بند کردیا ہے، سی ٹی ڈی اور رینجرزکی نفری بھی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر تعینات ہیں۔
دوسری جانب رجسٹرارآفس جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی گاڑی اور ذاتی سیکیورٹی کو جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں داخلے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔
جس کے بعد عمران خان کی گاڑی اور ذاتی سیکیورٹی کو جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں آنے کی اجازت دے دی گئی۔
خیال رہے سابق وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں درج مقدمات میں اے ٹی سی میں پیش ہوں گے، اے ٹی سی کے جج راجہ جواد عباس کا کہنا ہے کہ آج تمام ضمانتوں پر دلائل دیئے جائیں گے۔
عدالت نے عمران خان کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا ہے۔