لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم لوگ اسمبلی توڑنے کا آئینی اختیار استعمال کرنے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں لیہ، مظفر گڑھ اور راجن پور کےارکان اسمبلی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ارکان نے اسمبلی تحلیل کی صورت میں وفاق سے انتخابات کےمعاملے پر بات کی۔
اس موقع پر عمران خان نے ارکان اسمبلی کو الیکشن کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ اسمبلی توڑنے کا آئینی اختیار استعمال کرنے جارہے ہیں، ہمارے آئینی اختیار کو روکنے کیلئے وفاق کے اقدام اب غیر آئینی ہونگے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ارکان اسمبلی پر واضح کیا کہ اب معاملہ ملک اور ریاست بچانے کا ہے، پاکستان صرف منصفانہ اور جلد انتخابات سے بچ سکتا ہے میں ڈائیلاگ پر یقین رکھتا ہوں مگر پہلے انتخابات کی تاریخ دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے موجودہ حکومت کو غلام اور بے شرم قرار دے دیا
ادھر حکومت اور پی ٹی آئی میں ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہے ، مسلم لیگ (ق) عمران خان کو قائل کر رہی ہے کہ الیکشن جلد ہوں یا بعد میں پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
یہ بھی اطلاعات زیر گردش ہیں کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے کوشش تیز ہوگئیں ، حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق سرگرم ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے صدر مملکت اور پرویز خٹک رابطے میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کر بھی دیا تو مذاکرات کا راستہ کھلا رہے گا، مسلم لیگ ن نہیں چاہتی کہ پی ٹی آئی اسمبلیاں تحلیل کرے، تحلیل سے روکنے کے مقاصد معاشی اور سیاسی دونوں ہیں۔