اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج لندن روانہ ہو رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان آج لندن روانہ ہورہے ہیں جہاں وپ پناما پیپرز کے معاملے پرغیرملکی آڈٹ فرم سے رابطہ قائم کریں گے۔
پنامہ پیپرز11.5 ملین دستاویزات پرمبنی لا فرم موزیک فونسیکا کے قانونی کاغذات ہیں جن کے منظرعام پرآنے سے دنیابھرکے بااثرافراد کی دولت منظرعام پرآگئی ہے جن میں وزیراعظم پاکستان حسن اور حسین نواز کے نام بھی شامل ہیں۔
پنامہ پیپرز کے منظرعام پرآتے ہی وزیراعظم پاکستان کے لئے مشکلات کا ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہے، تحریک انصاف نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ آئس لینڈ کے وزیراعظم پنامہ پیپرز اسکینڈؒل کے بعد عوامی مطالبے پر مستعفی ہوچکے ہیں جبکہ برطانوی وزیراعظم بھی اس معاملے پراپنی پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔
عمران خان نے روانگی سے قبل چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ثبوت نہ دکھائیں، جس نے کرپشن کی ہے اسے گرفتار کریں۔
دوسری جانب حکومت پنامہ پیپرز میں عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد قراردے چکی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف علاج کے لئے گزشتہ روز لندن روانہ ہوئے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی ان دنوں لندن میں مقیم ہیں۔