تازہ ترین

اسپیشل مجسٹریٹ کا عمران ریاض کو دوبارہ اٹک لے جانے کا حکم

راولپنڈی میں اسپیشل مجسٹریٹ نے صحافی عمران ریاض کو دوبارہ اٹک لے جانے کا حکم دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صحافی عمران ریاض کی اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیشی ہوئی جس پر اسپیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ایف آئی اے کا کوئی کیس نہیں بنتا ان پر پیکا آرڈیننس کی تحت لگائی گئی دفعات خارج کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران ریاض کو جوڈیشل مجسٹریٹ اٹک کے روبرو آج ہی پیش کیا جائے۔

دوران سماعت اسپیشل مجسٹریٹ پرویز خان نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس میری عدالت میں نہیں بنتا میں ایف آئی اے کا جج ہوں۔

دوسری جانب عمران ریاض کی جانب سے میاں علی اشفاق دلائل دیے اور کہا کہ عمران ریاض کا اسلحہ لائسنس، بلٹ پروف گاڑی کا لائسنس کینسل کردیا گیا۔

وکیل نے کہا کہ ایک ماہ قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نےعمران ریاض کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی لیکن گزشتہ رات عمران ریاض کو اسلام آباد ٹول پلازہ پراٹک پولیس نے گرفتار کیا۔

اس سے قبل صحافی عمران ریاض کیس سے متعلق اٹک کی مجسٹریٹ عدالت نے کہا کہ یہ اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ہے معاملہ متعلقہ فورم پر لے کر جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے یہ کہہ کر فیصلہ نمٹا دیا تھا کہ عمران ریاض کو لاہور کے احاطے سے گرفتار کیا گیا ہے سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی۔

یاد رہے کہ نامور صحافی وی اینکر عمران ریاض کو گذشتہ روز اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، پاکستان تحریک انصاف نے ان کی گرفتاری پر آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

Comments

- Advertisement -