جمعہ, مئی 8, 2026
اشتہار

وادیٔ حسن سے آئے گا میرا شہزادہ!

اشتہار

حیرت انگیز

ہم خوابوں کی دنیا سجائے رکھنے اور روز افزوں نکھارنے پر لگی ہوئی قوم بنتے جا رہے ہیں کیونکہ ہم محنت کر کے منزل کے حصول کے کلیے پر اپنا یقین کھو چکے ہیں۔ ہم روزانہ کی بنیاد پر دنیا میں کام یاب لوگوں کے قصّے، ان کی داستانِ حیات اور ان کے رتجگوں کی کہانیاں سنتے تو ہیں، لیکن جب بات اپنی کام یابی کی آتی ہے تو ہم کسی معجزے کا انتظار کرنے لگتے ہیں۔

یہ معجزہ پسندی صرف معیشت یا سیاست تک محدود نہیں، بلکہ ہمارے پیار محبت کے تصورات اور نجی زندگیوں میں بھی سرایت کر چکی ہے۔ ہماری نوجوان نسل فلمی کہانیوں اور سوشل میڈیا کی چکا چوند میں اس قدر کھو گئی ہے کہ اسے اب جیتا جاگتا انسان نہیں، بلکہ "وادیٔ حسن کا کوئی شہزادہ” یا "پری جمال” مطلوب ہے۔ ہم محبت میں ایثار اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی محنت نہیں کرنا چاہتے، بلکہ چاہتے ہیں کہ کوئی ایسا ملے جو ہماری تمام خامیوں سمیت ہمیں قبول کرے اور ہماری زندگی میں رنگ بھر دے، جب کہ ہم خود اپنی جگہ سے ہلنے کو تیار نہ ہوں۔

رہی سہی کسر ہمارے فرسودہ رسم و رواج نے پوری کر دی ہے۔ ہم اپنی جھوٹی انا اور برادری کے نام نہاد معیاروں کو برقرار رکھنے کے لیے تو لاکھوں کا قرض اتار سکتے ہیں، لیکن گھر کے اندر سکون پیدا کرنے کے لیے دو میٹھے بول نہیں بول سکتے۔ وہی خواب جو ہم باہر کی دنیا کے لیے دیکھتے ہیں، گھر کی دہلیز پار کرتے ہی چکنا چور ہو جاتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے معاشرے میں گھریلو ناچاقیاں وبا کی طرح پھیل رہی ہیں۔ جب حقیقت خوابوں سے ٹکراتی ہے، تو تلخی جنم لیتی ہے۔ شوہر چاہتا ہے کہ بیوی اس کے گھر کو بغیر کسی کوشش کے جنت بنا دے، اور بیوی اس انتظار میں رہتی ہے کہ شوہر اسے اس کے خوابوں کے محل کی سیر کرائے۔ جب دونوں طرف سے عملی کوشش کی جگہ صرف مطالبات اور معجزوں کا انتظار ہوتا ہے، تو پھر گھر کا آنگن بحث و تکرار اور شکوؤں کا مرکز بن جاتا ہے۔

ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ چاہے وہ ملک کی تقدیر ہو، دل کا معاملہ ہو یا گھر کا سکون کام یابی معجزوں سے نہیں بلکہ "مشقتِ پیہم” سے ملتی ہے۔ شہزادے وادیٔ حسن سے نہیں آتے، بلکہ باہمی احترام اور محنت سے انسان خود اپنے گھر اور زندگی کو شاہانہ بنا لیتا ہے۔ اب وقت ہے کہ ہم خوابوں کی اس خیالی دنیا سے نکلیں اور حقیقت کی سنگلاخ راہوں پر چل کر اپنی منزل خود تلاش کریں۔

عمران الرحمٰن
+ posts

اہم ترین

مزید خبریں