نئی دہلی: جی 20 اجلاس کے افتتاحی سیشن میں میزبان ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی نیم پلیٹ پر ’انڈیا‘ کے بجائے ’بھارت‘ درج کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی کچھ دنوں سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مودی سرکار ملک کا آئینی نام ’انڈیا‘ سے بدل کر ’بھارت‘ رکھنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ان خبروں کو اُس وقت تقویت ملی جب بھارتی صدر دروپدی مرمو نے جی 20 اجلاس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مہمانوں کیلیے ایک دعوت نامہ جاری کیا جس میں ’پریسڈینٹ آف انڈیا‘ کے بجائے ’پریسڈینٹ آف بھارت‘ لکھا تھا۔
متعلقہ: مودی سرکار نے ملک کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا
بعدازاں یہ بھی خبریں بھی سامنے آئیں کہ حکومت کی جانب سے 18 ستمبر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن میں ملک کا آئینی نام تبدیل کرنے کیلیے قرارداد پیش کی جائے گی۔
تاہم اب ان خبروں میں سچائی نظر آتی ہے کیونکہ جی 20 اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم کی نیم پلیٹ پر واضح طور پر ’بھارت‘ لکھا دیکھا جا سکتا ہے۔
اجلاس کے ابتدائی سیشن میں نریندر مودی نے غیر ملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی زیرِ صدارت جی 20 اجلاس ملک کے اندر اور باہر ’سب کا ساتھ‘ کی علامت بن گئی۔
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ یہ انڈیا میں لوگوں کا جی 20 بن گیا اور ملک بھر میں 200 سے زیادہ اجلاس منعقد ہوئے۔