بی آر ٹی پشاور میں سفر ماسک سے مشروط، مسافر لڑکے اور سیکیورٹی گارڈ میں ہاتھاپائی

پشاور : بی آر ٹی کے سیکیورٹی گارڈ نے ماسک نہ پہننے پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ترجمان ٹرانس پشاور نے بتایا کہ پہلے لڑکے نے گارڈ سے ہاتھا پائی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد بی آر ٹی پشاور میں سفر ماسک سے مشروط ہے اور ماسک نہ پہننے کی صورت میں سفر کی اجازت نہیں ہے۔
گزشتہ روز بی آر ٹی پشاور میں ماسک نہ پہننے پر سیکیورٹی گارڈ نے مسافر کو روکا تو دونوں میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔
ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ ماسک نہ پہننے پر گارڈ نے مسافر لڑکے کو ماسک پہننے کی تاکیدد کی ، جس پر لڑکے کی جانب سے سیکیورٹی گارڈ سے پہلے ہاتھا پائی کی گئی۔
ترجمان بی آر ٹی پشاور نے کہا کہ ویڈیو کے مطابق لڑکے نے گارڈ سے بدتمیزی اور ہاتھا ہائی شروع کی جس پر سیکیورٹی گارڈ نے بھی اپنا دفاع کیا۔
ترجمان ٹرانس پشاور کا مزید کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے قابل احترام مسافر قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔