The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں ڈاکوؤں نے بچوں کے کھلونوں کو بھی نہ چھوڑا

کراچی میں ڈاکو راج ہے منگل کو بھی کئی وارداتیں ہوئیں، لانڈھی میں ڈاکو دکان سے نقدی کے ساتھ پرفیوم اور بچوں کے کھلونے لے کر چلتے بنے۔

روشنیوں کے شہر کراچی میں ڈاکو راج کے سامنے سندھ پولیس بے بس نظر آرہی ہے اور وارداتیں ہیں کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر قائد میں عملی طور پر چوروں، لٹیروں اور ڈاکوؤں کی حکومت ہے جب کہ پولیس کی حکمت عملہ صرف کاغذوں یا بیانات تک محدود رہ گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں منگل کے روز لانڈھی، نیوکراچی، گلشن حدید، سولجر بازار میں ڈکیتیوں کی کئی وارداتیں ہوئیں جس میں کوئی بائیک سے محروم ہوا تو کسی کی دکان لٹ گئی۔

لانڈھی بابر مارکیٹ میں ڈاکوؤں نے بچوں کے کھلونوں اور پرفیوم کی دکان پر دھاوا بول دیا، ڈاکوؤں نے کیش کاؤنٹر کا ہی صفایا نہیں کیا بلکہ جاتے جاتے پرفیوم اور بچوں کے کھلونے بھی ساتھ لے گئے۔

نیوکراچی سیکٹر تین میں دودھ کی دکان لوٹ لی گئی، دکان میں آگے لگی لوہے کی گرل بھی کام نہ آئی، اسلحہ دیکھ کر دکاندار نے کوئی مزاحمت نہ کی، ملزم گرل کی کھڑکی سے اندر گھسا، دراز سے رقم نکالی اور باآسانی فرار ہوگیا۔

سولجر بازار میں وکیل کے دفتر میں ڈکیتی ہوئی، پولیس کی فائرنگ سے ڈاکو پیدل فرار ہوگئے، جوابی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

گلشن حدید میں نوعمر لڑکوں سے بغیر اسلحہ دکھائے بائیک چھین لی گئی ڈاکو پیچھا کرتے آئے اور گھر کے دروازے پر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں