کراچی: کرونا وائرس انفیکشن سے صوبہ سندھ میں آج مزید 14 مریض جاں بحق ہو گئے جب کہ 1464 مزید نئے کیسز سامنے آئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورت حال سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 9841 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 1 ہزار 464 مثبت آئے۔
انھوں نے بتایا کہ سندھ میں اب تک 3 لاکھ 88 ہزار 690 ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں مجموعی طور پر 71 ہزار 92 ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 14 مریض انتقال کر گئے، جس کے بعد صوبے میں کو وِڈ 19 کے باعث مرنے والوں کی تعداد 1 ہزار 103 ہو گئی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا اس وقت صوبے میں 32 ہزار 945 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے مختلف اسپتالوں زیر علاج مریضوں کی تعداد 1508 ہے، گھروں میں 31 ہزار 390، اور آئسولیشن سینٹرز میں 47 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اس وقت 617 مریض ایسے ہیں جن کی حالت ڈاکٹرز نے تشویش ناک قرار دی ہے، جب کہ 111 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق آج کراچی میں 976 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ضلع شرقی میں 297، ضلع جنوبی میں 282، ضلع وسطی میں 153، کورنگی میں 116، ضلع غربی میں 96 اور ملیر میں 32 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔