کراچی:صوبہ سندھ میں آج کرونا وائرس کے مزید 6 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ صوبے میں 622 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورت حال سے متعلق اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے کل 3384 ٹیسٹ کیے،صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران 622 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 675 ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 118 ہوگئی ہے جو کل مریضوں کا 1.76 فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج 73 مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے اس طر ح صحت یاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 1295 ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 5262 ہے، 4044 مریض گھروں میں زیر علاج ہیں،733 آئیسولیشن مراکز، اسپتالوں میں485 مریض ہیں،45مریضوں کی حالت تشویش ناک،16وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 28 اور 29 اپریل کو3 فلائٹس دبئی،شارجہ،کولمبو سے 483 پاکستانی لائیں،190مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے جو تقریباً 40 فیصد بنتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مثبت کیسز میں 92 کا تعلق سندھ،56 کا پنجاب سے ہے،24 کیسز کا تعلق کے پی اور 18 کا بلوچستان سے ہے،کراچی میں 446 سامنے آئے ہیں۔