اجین (28 ستمبر 2026): بھارتی سرکار نے ایک اور مسجد کو شہید کرنے کی کوشش کی لیکن مسلمانوں نے جان پر کھیل کر تاریخی شاہی مسجد کو بچا لیا۔
مودی کی ہندو توا سرکار کے طویل دور حکومت میں اقلیتوں کا جینا عذاب بن چکا ہے اور بالخصوص مسلمانوں کے لیے تو وہاں آزادی کے ساتھ اپنے مذہب پر عمل کرنے کو جرم بنایا جا رہا ہے۔
انتہا پسند حکومت کے اداروں نے مختلف بہانوں اور جواز گھڑتے ہوئے اب تک ملک بھر میں سیکڑوں چھوٹی بڑی مساجد کو شہید کر دیا ہے، لیکن مدھیہ پردیش میں مسلمانوں نے اپنی جان پر کھیل کر ایک اور قدیم مسجد کو شہید کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اجین شہر میں 600 سال قدیم تاریخی شاہی مسجد کو شہید کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری، ریپڈ ایکشن فورس اور بلڈوزر پہنچے تو سیکڑوں مسلمان مسجد میں داخل ہو گئے اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے اللہ کے گھر کو منہدم ہونے سے بچایا۔
رپورٹ کے مطابق 2028 کے سنگھستھ کمبھ میلے سے قبل سڑک چوڑی کرنے کے منصوبے کے تحت شاہی مسجد کو جزوی طور پر منہدم کرنے کے لیے نشان زد کیا گیا ہے۔
سرکاری ادارے گزشتہ دو ہفتوں سے مسجد کے انہدام کے لیے کوشاں ہیں، لیکن مسلمان باری باری مستقل مسجد میں موجود ہیں اور پانچوں وقت کی نمازیں ادا کر رہے ہیں۔
مسجد کے اندر موجود مسلمانوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے گزشتہ رات پولیس کی نفری بڑھائی گئی، ریپڈ ایکشن فورس تعینات کی گئی، تاہم انتظامیہ کو ناکامی ہوئی۔
Location: Ujjain, Madhya Pradesh
Seeing the administration's actions, local residents took to the streets at midnight to save the 600-year-old Shahi Mosque. pic.twitter.com/MhKCrz0GhO
— The Muslim (@TheMuslim786) September 27, 2026
دوسری جانب مسجد کی حفاظت کے لیے 11 رکنی نمائندہ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔ مسجد کے انہدام کے خلاف سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا گیا ہے، جبکہ انتظامیہ کے مطابق ہائی کورٹ نے انہدام روکنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
مقامی عالم دین مفتی جنید نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شاہی مسجد کے بعد مزید 28 مساجد بھی سڑک کی توسیع اور شہری منصوبہ بندی کی زد میں آسکتی ہیں۔


