ممبئی: بالی ووڈ اور ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ریتا بہادری طویل علالت کے بعد دنیا سے رخصت ہوگئیں، وہ کئی عرصے سے گردے کی بیماری میں مبتلا تھیں۔
تفصیلات کے مطابق ریتا بہادری کی عمر 62 سال تھی جبکہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے گردے کے امراض میں مبتلا تھیں، 10 روز قبل اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد اہل خانہ انہیں مقامی اسپتال لائے تھے۔
ڈاکٹر نے انہیں دس روز تک انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا اور جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں ،بھارتی اداکارہ آخری بار ڈرامے نمکی مکھیا میں ادکاری کرتی نظر آئیں تھیں انہوں نے امرتی دیوی نامی کردار ادا کیا تھا۔
ششر شرما نے ریتا کے دنیا سے گزر جانے کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کی، اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم انتہائی دکھی دل کے ساتھ آپ کے علم میں لانا چاہتے ہیں کہ اب بہادری ہمارے درمیان نہیں رہیں، اُن کی آخری رسومات 17 جولائی کو بھارتی ریاست اندھیری میں ادا کی جائیں گی جس میں بالی ووڈ کی مشہور شخصیات شرکت کریں گی‘۔
ریتا کے دنیا سے گزر جانے پر بالی ووڈ شخصیات اور مداحوں نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک اچھی اداکارہ ہم میں نہیں رہیں جن کی کمی بہت زیادہ محسوس ہوگی، وہ بہترین شخصیت کی مالک تھیں جنہوں نے ہمیشہ ہی والدہ کی طرح سب کے ساتھ برتاؤ رکھا‘۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ نے راجا، جولی، بیٹا، دل ول پیار ویار فلموں اور 30 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، مجموعی طور پر آپ نے شوبز کیریئر میں 70 سے زائد فلم و ڈراموں میں کام کیا۔