The news is by your side.

Advertisement

واہگہ کے راستے بھارت افغانستان کے درمیان تجارت آج سے بحال

لاہور : پاکستان کی رضامندی کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے بھارت کو افغانستان سے مصنوعات کی برآمدات آج بدھ 15جولائی سے بحال کردی گئیں۔ پاکستان نے یہ فیصلہ افغانستان کی خصوصی درخواست پر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے واہگہ بارڈ کے راستے افغانستان سے بھارت کو برآمدات کے حوالے سے کووڈ19سے پہلے کی صورت حال بحال کردی ہے۔

اس حوالے سے نئی دہلی میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین ایک تجارتی معاہدہ کے تحت افغانستان (واہگہ اٹاری بارڈرکے راستے) بھارت کو اپنی مصنوعات برآمد کرسکتا ہے لیکن وہ بھارت سے مصنوعات درآمد نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا پھوٹنے کے بعد پاکستان نے رواں سال مارچ میں افغانستان اور ایران سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنی سرحدوں کو بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے پاک افغان سرحد پر دو طرفہ تجارت اور واہگہ کے راستے بھارت جانے والی افغان برآمدات بھی رک گئی تھیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ واہگہ بارڈر کھولنے کی اجازت دینے کے ساتھ ہی اس نے افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (اے پی ٹی ٹی اے) کے تحت 2010 میں ہوئے باہمی تجارتی معاہدہ کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کردیے ہیں۔

اس معاہدہ کی رو سے افغان تاجروں کو واہگہ بارڈر تک رسائی کی اجازت حاصل ہے جہاں وہ افغانی مصنوعات بھارتی ٹرکوں میں رکھ سکتے ہیں۔ بھارتی تاجروں اور تجارتی انجمنوں نے پاکستان کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں