جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

بھارتی ایئرفورس کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

آسام (13 جون 2026): ریاست آسام میں بھارتی ایئر فورس کا ایک کارگو طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آسام کے شہر جورہاٹ میں واقع ایئرفورس اسٹیشن پر ہفتہ کے روز بھارتی فضائیہ کا اے این-32 کارگو اور ٹیکٹیکل ٹرانسپورٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔

طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی، اور اس کا پائلٹ ہلاک ہو گیا، فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہ معلوم کرنے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کی جا رہی ہیں، جب کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت طیارہ معمول کے مطابق لینڈنگ کی کارروائی انجام دے رہا تھا، کہ ایئربیس کے احاطے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، جائے وقوعہ سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔


بھارت کے جوہری ذخیرے میں تشویشناک حد تک اضافہ، برطانیہ کے برابر پہنچ گیا


مقامی ذرائع ابلاغ کی بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حادثے کے بعد طیارہ دو حصوں میں تقسیم ہو گیا، تاہم اس بارے میں سرکاری سطح پر ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

حادثے کے فوراً بعد ایئرفورس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ایمرجنسی کارروائیوں کے تحت آگ پر قابو پانے اور ممکنہ متاثرین تک رسائی کی کوششیں کی گئیں۔ تاہم طیارے میں سوار اہلکاروں کی تعداد، ان کی شناخت اور ان کی حالت کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔

اے این-32 ایک دو انجنوں والا ٹربو پروپ فوجی نقل و حمل کا طیارہ ہے جسے سابق سوویت یونین کے دور میں تیار کیا گیا تھا۔ یہ طیارہ کئی دہائیوں سے ہندوستانی فضائیہ کے ٹرانسپورٹ بیڑے کا اہم حصہ رہا ہے۔ اسے فوجیوں کی نقل و حرکت، رسد اور امدادی سامان کی ترسیل، فضائی سپلائی اور پیرا ٹروپرز کو اتارنے جیسے مختلف فوجی کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں