برسٹل(10 جولائی 2026): انگلینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو 9 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف بھی شدید رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں انگلینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو 9 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلش ٹیم نے کھیل کے تینوں شعبوں میں بھارتی ٹیم کو پیچھے چھوڑ دیا۔
برسٹل میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی بیٹنگ لائن ایک بار پھر فلاپ دکھائی دی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 158 رنز بنا سکی۔
بھارت کی جانب سے کپتان شریاس ایئر نے 49 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 80 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جبکہ شیوم دوبے 22 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے تباہ کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف محض 14ویں اوور میں یعنی 37 گیندیں قبل ہی صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کو پہلا جھٹکا جوز بٹلر کی صورت میں لگا جو 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس کے بعد اوپنر فل سالٹ اور کپتان ہیری بروک نے بھارتی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور دوسری وکٹ کے لیے 146 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔
کپتان ہیری بروک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جبکہ ان کا ساتھ دیتے ہوئے فل سالٹ نے بھی 59 رنز بنائے۔ اس شاندار جیت کے ساتھ انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کر لی ہے جبکہ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔


