بہار (18 اگست 2026): بھارت میں مسجد میں گھس کر پیش امام کو قتل کر دیا گیا پولیس قاتلوں کو اب تک گرفتار نہیں کر سکی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے گوپال گنج ضلع میں مسجد کے اندر گھس کر نامعلوم افراد نے 50 سالہ پیش امام رفیق میاں کو قتل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق قتل کی یہ واردات رات گئے ہوئی اور صبح اس وقت پتہ چلی، جب لوگ فجر کی نماز کے لیے مسجد پہنچے جہاں صحن میں امام مسجد کی لاش پڑی ہوئی تھی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دیں۔ تاہم اب تک نہ ملزمان گرفتار کیے گئے اور نہ ہی قتل کی وجہ پتہ چل سکی ہے۔
پولیس کے مطابق امام مسجد کو چاقوؤں کے پے در پے وار کر کے قتل کیا گیا جب کہ معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے مسجد کے قرب وجوار کے لوگوں سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔


