پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں رنگ لے آئیں اور اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی صحافیوں سے ویزوں کے لیے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ کا سب سے بڑا عالمی میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ایک ہفتے سے بھارت میں جاری ہے اور دنیا بھر سے شائقین کرکٹ سمیت اسپورٹس صحافی میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔
تاہم بھارت کی پاکستان سے روایتی مخاصمت اور کھیل میں سیاسی مداخلت کی پالیسی نے پاکستانی شائقین کرکٹ اور صحافیوں پر بھارت کے دروازے تاحال بند کر رکھے ہیں اور کرکٹ سے محبت کرنے والے ملک کے شائقین اور صحافی اپنی ٹیم کو انڈیا جا کر سپورٹ کرنے کے لیے ویزوں کے منتظر ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی ٹال مٹول پر پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی سی آئی اور آئی سی سی سے رابطہ کیا لیکن وہاں بھی مسئلہ حل نہ ہونے پر چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی سے رابطہ کیا تھا اور انہیں پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزوں کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر کے معاملے پر گفتگو کی تھی
پی سی بی کی یہ کوششیں رنگ لانے لگیں اور اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی صحافیوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں اور انہیں ویزوں کے حصول کے لیے اپنے پاسپورٹ فوری طور پر بھارتی سفارتخانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزوں میں تاخیر پر خود بھارت میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ تقریباً 60 پاکستانی صحافیوں کو ویزا جاری کروانے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔