نئی دہلی(15 جون 2026): بھارت میں پسند کی شادی کرنے پر سنگدل باپ نے بیٹی کو تھانے کے اندر ہی قتل کر دیا۔
بھارتی ریاست اتر پردیش میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک انتہائی لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک سفاک باپ نے پسند کی شادی کرنے پر اپنی 19 سالہ بیٹی کو پولیس اسٹیشن کے اندر ہی چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع باندہ سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ شیوانی نے گزشتہ ماہ 18 مئی کو اپنے پڑوسی للت ورما کے ساتھ ایک مندر میں پسند کی شادی کی تھی اور قانونی طور پر اپنی شادی کو رجسٹرڈ بھی کروایا تھا۔
دوسری جانب للت کے والدین نے اس کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کرا رکھا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے خفیہ اطلاع پر جوڑے کو مدھیہ پردیش سے حراست میں لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش جوڑے نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنی مرضی اور رضامندی سے شادی کی ہے، اور ثبوت کے طور پر متعلقہ دستاویزات بھی پیش کیے۔ پولیس ابھی شیوانی کا طبی معائنہ کرانے اور اس کا حتمی بیان ریکارڈ کرنے کی تیاری کر رہی تھی کہ اسی دوران دونوں کے اہل خانہ تھانے پہنچ گئے۔
تھانے میں کونسلنگ سیشن کے دوران لڑکی کے والدین نے اس پر گھر واپس آنے کے لیے شدید دباؤ ڈالا، لیکن شیوانی نے اپنے شوہر کے ساتھ ہی رہنے پر اصرار کیا۔اسی دوران لڑکی کا باپ طیش میں آ گیا اور اس نے چاقو نکال کر بیٹی پر پے در پے وار کر دیے۔
رپورٹ کے مطابق شیوانی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم باپ کو موقع پر ہی گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔


