لاہور : غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرنے والے دو پاکستانی طلبہ کو آج واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائیگا، بھارت نے پاکستانی بچوں پر دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا، جو جھوٹ ثابت ہوا۔
تفصیلات کے مطابق غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کرکے بھارت جانے والے پاکستانی طلبہ فیصل اعوان اور احسن آج وطن واپس پہنچیں گے، دونوں کو آج واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کیا جائے گا، بھارت نے اعتراف کرلیا کہ فیصل اعوان اوراحسن رشید جاسوس نہیں بلکہ غلطی سے ایل او سی عبور کر گئے تھے۔
بھارتی میڈیا اور حکام نے روایتی پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا واویلا کیا تھا، جس کا پول بھارت کی اپنی ایجنسی نے کھول دیا۔
بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے دونوں پاکستانی بچوں کو کلئیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں آزاد کشمیرکے رہائشی اور طالب علم ہیں دہشتگرد نہیں۔
مزید پڑھیں : اڑی حملہ: بے گناہ پاکستانی نوجوانوں کو بھارتی فوج پاکستان کے حوالے کرے گی
خیال رہے کہ بھارت نے دونوں پر اڑی حملے میں ملوث ہونے کا بے بنیاد الزام عائد کیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی تحقیقاتی اداروں کے مطابق اُڑی واقعہ ستمبردو ہزارسولہ میں پیش آیا۔ بھارتی بیس کیمپ پر حملے میں کئی فوجی مارے گئے تھے، ثبوت نہ ہونے کے باوجود بھارت نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔