رائے پور(15 اپریل 2026): بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک پاور پلانٹ کے بوائلر میں دھماکا ہوا جس کے کے نتیجے 19 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع شکتی میں پیش آیا۔ یہ پاور پلانٹ ‘ویدانتا لمیٹڈ’ کے زیرِ انتظام کام کر رہا تھا، جو لندن میں مقیم ‘ویدانتا ریسورسز’ کی ذیلی کمپنی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ضلع پولیس چیف پرفل ٹھاکر نے بتایا کہ اس دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے 17 افراد مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ غالباً پائپ لائن پھٹنے کی وجہ سے ہوا، جس کے نتیجے میں انتہائی گرم بھاپ ان لوگوں پر جا گری جو اس وقت وہاں دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔
ویدانتا ریسورسز کے چیئرمین اور ارب پتی تاجر انیل اگروال نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
دوسری جانب ریاست چھتیس گڑھ کے وزیرِ اعلیٰ وشنو دیو سائے نے بھی واقعے کی جانچ کا حکم دیتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا یقین دلایا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں صنعتی حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں، جن کی بڑی وجہ حفاظتی قوانین پر عمل درآمد کی کمی اور ناقص سکیورٹی انتظامات بتائے جاتے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی بھارت کی ایک پٹاخہ فیکٹری میں آگ لگنے سے 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


