بدھ, دسمبر 11, 2024
اشتہار

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا، بھارتی میڈیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت نے آئندہ برس پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کہ بھارت نے آئندہ برس شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے اور اپنے اس فیصلے سے بی سی سی آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے اور وہ اپنے ٹیم کے میچز دبئی میں کھیلنا چاہتا ہے۔

- Advertisement -

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے حوالے سے خبر میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ‘ایڈجسٹمنٹ’ کرنے پر اتفاق کیا ہے اور چیمپئنز ٹرافی 2025 سے ایک ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے سینئر اسپورٹس رپورٹ شاہد ہاشمی کا کہنا ہے کہ یہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ اپنے میڈیا کے ذریعے آئے روز متنازع خبریں شائع کراتا رہتا ہے تاکہ آئی سی سی اور پاکستان کو پریشر میں ڈال سکے۔

 

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کا ایک وفد آئندہ ہفتے پاکستان میں چیمئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آ رہا ہے جس میں وہ گراؤنڈز اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گا اور شیڈول بھی اناؤنس کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی جو وزیر داخلہ ہیں وہ پہلے ہی پوری دنیا اور آئی سی سی کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا چکے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرانے کے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں انگلینڈ کی ٹیم نے تین ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا اور وہ مطمئن اور خوش اپنے وطن واپس لوٹے وہ بلا خوف وخطر آف دی فیلڈ بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے۔

بھارت اس سے قبل گزشتہ سال ایشیا کپ میں بھی رخنہ اندازی کر چکا ہے اور پاکستان کی میزبانی میں یہ ٹورنامنٹ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا گیا تھا۔ پاکستان کے حصے میں چار میچز جب کہ سری لنکا نے 11 میچز کی میزبانی کی تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس فروری، مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے اور پاکستان اس ایونٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

اس شوپیس ایونٹ میں شرکت کے لیے انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کی یقین دہانی کرا چکی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں