نئی دہلی: مودی حکومت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کو بچانے کے لیے ایک اور چال کھیلنے کی کوشش کی اور پاکستان سے ملزم کی صحت کے سرٹیفیکٹ مانگ لیے۔
بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان گوپال بگلے نے جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سابق نیوی افسر کلبھوشن کو پاکستان نے سزائے موت سنائی، کئی برس سے ہماری اُس سے ملاقات نہیں ہوئی ہمیں کلبھوشن کی صحت کے حوالے سے بہت فکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’بھارتی حکومت نے کافی عرصے سے کلبھوشن کو نہیں دیکھا اور نہ ہی اُس سے ملاقات کی کیونکہ وہ پاکستان کی حراست میں ہے، پاکستانی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ کلبھوشن کی صحت کے سرٹیفیکٹ مہیا کرے‘‘۔
بگلے نے کہا کہ ہم نے پاکستانی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں تعاون کرے، جس کے بعد ہم اُن کے جواب کے منتظر بھی ہیں اور امید ہے کہ اس معاملے کو پاکستانی حکومت سنجیدگی سے دیکھے گی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ کلبھوشن کو ثبوت و شواہد کی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے، قانون کے تحت کسی بھی جاسوس کو کونسلر تک رسائی نہیں دی جاتی۔