تازہ ترین

قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تمام حدیں پار کردی، اشرف صحرائی

سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو جنس وعمر کا لحاظ کیے بغیر گرفتار کر کے جیلوں، تھانوں اور عقوبت خانوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے سینئر رہنما محمد شعبان وانی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ انہیں علالت کے باوجود رہا نہیں کر رہی ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں مظالم کی حدیں پار کر لی ہیں اور ایک عمر رسیدہ انسان کو صحت کی سخت خرابی کے باوجود رہا نہیں کیا جا رہا ۔

انہوں نے کہا کہ محمد شعبان کی عمر 75سال ہے اوروہ کئی عوارض میں مبتلا ہیں۔محمداشرف صحرائی نے بھارتی پولیس کی طرف سے حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور عام کشمیری جوانوں کی بے جا دھر پکڑ پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوںکو جنس وعمر کا لحاظ کیے بغیر گرفتار کر کے جیلوں ، تھانوں اور عقوبت خانوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

اشرف صحرائی نے عبدالغنی بٹ اور عبدالاحد پرہ کی مسلسل نظر بندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو بھی صحت کی خرابی کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا ہے جو انتہائی افسوناک ہے۔

محمد اشرف صحرائی نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

Comments

- Advertisement -