پیر, جنوری 19, 2026
اشتہار

منسوخ پروازیں : بھارتی ایئر لائن مسافروں کو بھاری معاوضہ ادا کرے گی

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی : بھارتی ایئر لائن انڈیگو  نے بڑے پیمانے پر منسوخ ہونے والی پروازوں کے بعد متاثرہ مسافروں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے ریفنڈ اور معاوضے کی ادائیگی کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ منسوخ ٹکٹوں کے بیشتر ریفنڈ مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ معاملات بھی جلد نمٹا دیے جائیں گے۔

گذشتہ دنوں میں پروازوں کی منسوخی کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی افراد مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے رہے، جس پر عوامی سطح پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

مذکورہ صورتِ حال کے پیش نظر حکومت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایئرلائن سے وضاحت طلب کی تھی۔

انڈیگو نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ کمپنی کی ٹیمیں ریفنڈ پروسیسنگ اور معاوضے کی ادائیگی پر پوری توجہ کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ایئرلائن کے مطابق اس کی اولین ترجیح یہ ہے کہ دسمبر 2025 تک تمام متاثرہ مسافروں کو ان کا واجب الادا ریفنڈ بروقت اور درست طریقے سے فراہم کردیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ بیشتر مسافروں کے ریفنڈ پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں جبکہ باقی درخواستوں کو بھی جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اس کے علاوہ کمپنی ان پروازوں کی نشاندہی بھی کر رہی ہے جن کے مسافروں کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خصوصاً وہ افراد جن کو طویل وقت تک ایئرپورٹس پر انتظار کی اذیت سے گزرنا پڑا۔

انڈیگو کے مطابق ایسے متاثرہ مسافروں سے جنوری میں براہِ راست رابطہ کیا جائے گا تاکہ معاوضے کی ادائیگی کا عمل شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔

ایئرلائن نے واضح کیا کہ جن مسافروں کی پرواز روانگی سے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کی گئی یا جو مخصوص ایئرپورٹس پر شدید متاثر ہوئے انہیں معاوضہ دیا جائے گا۔

کمپنی کا اندازہ ہے کہ مجموعی طور پر 500 کروڑ روپے سے زائد رقم ریفنڈ اور معاوضے کی مد میں واپس کی جائے گی۔

دوسری جانب انڈیگو نے معمول کی پروازیں بحال کرنے کے لیے فلائٹ آپریشن میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ ایئرلائن کے مطابق 8 دسمبر کو 1700 سے زائد، 9 دسمبر کو 1800 سے زائد جبکہ 10 اور 11 دسمبر کو بالترتیب 1900 اور 1950 سے زیادہ پروازیں آپریٹ کی گئیں۔

بھارتی ایئرلائن انڈیگو کے بحران کے بعد سی ای او کا مسافروں کے نام اہم پیغام

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں