اسلام آباد : وزارت خارجہ نے بھارت کے غیر ذمہ دارنہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اہلکاروں نے شہری کو زخمی کرکے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی اور جعلی کرنسی اور ہٹ اینڈرن سنگین جرم ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی روز کا معمول بن چکا ہے لیکن پھر بھی بھارت کو پاکستان سے ہر طرح کے حملوں پر منہ کی کھانی پڑتی ہے، پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اہلکاروں نے پاکستانی شہریوں کو ہٹ کرنے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 2 بھارتی اہلکاروں نے اسلام آباد میں تیز رفتاری سے شہری کو زخمی کیا، موقع پر موجود لوگوں نے دونوں اہلکاروں کو پولیس کے حوالے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش بھارتی سفارتی اہلکاروں سےجعلی کرنسی بھی برآمد ہوئی، تاہم دونوں اہلکاروں کو رہا کرکے سینئر بھارتی سفارتکار کے حوالے کردیا گیا جبکہ جعلی کرنسی اور ہٹ اینڈرن سنگین جرم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ غیرقانونی اقدامات بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں نے کیے، بھارتی اہلکاروں کا اقدام سفارتی آداب، قانون کی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی الزامات ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی ایک اور کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گرفتار بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث نکلے
مزید پڑھیں : بھارتی ہائی کمیشن کےگرفتار اہلکاروں کو رہا کر دیا گیا
واضح رہے کہ اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار ناصرف ہِٹ اینڈ رن کیس میں ملوث پائے گئے تھے بلکہ ان میں سے ایک کے قبضے سے ہزاروں روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی بھی برآمد ہوئی تھی۔
اسلام آباد پولیس نے معاملے کی ایف آئی آر تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کرلی ہے ، بھارتی اہلکارسلوا دیس پال بھارتی ہائی کمیشن کا اسٹاف ممبر ہے جس کی تعیناتی کی مدت دسمبر 2020 میں ختم ہورہی ہے۔