بھارت کی ریاست تلنگانہ میں گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے حاضر سروس فوجی اہلکار موت کے منہ میں چلا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ شہر حیدر آباد میں اتوار کی صبح اُس وقت پیش آیا جب کوتسور راڈی ڈیوٹی ختم کر کے اپنی موٹر سائیکل پر گھر لوٹ رہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق کوتسور راڈی ریاست آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم کا رہنے والا تھا، وہ موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ راستے میں پتنگ کی ڈور نے اس کے گلے کو چیر ڈالا۔
فوجی اہلکار زخمی ہونے کے بعد موٹر سائیکل پر کنٹرول کھو بیٹھا اور دھڑام سے زمین پر گر گیا۔
پولیس کے مطابق فوجی اہلکار کو عثمانیہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد فوجی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
اس ضمن میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔