راولاکوٹ : لائن آف کنٹرول پراشتعال انگیزی سے بھارتی فوج باز نہ آئیں ، بھارتی فوج کی جانب سے راولاکوٹ کے عباس پورسیکٹر اور چری کوٹ سیکٹر میں آبادی پر فائرنگ اورگولہ باری کے نتیجے میں2 بچے ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارت آپے سے باہر ہوگیا اور روایتی دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے عباس پورسیکٹر اور چری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ، جس کے نتیجے میں 2بچے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال گولہ باری کی گئی جبکہ شہید ہونے والے شہریوں کا تعلق گاؤں چفاڑ سے ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان فورسزکی بھرپورجوابی کارروائی نے دشمن کو خاموش رہنے پر مجبور کردیا، پاک فوج کے بھر پور جواب سے بھارتی چیک پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا، بھارت کے 3فوجیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے جبکہ 5 بھارتی فوجی زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کاسلسلہ وقفے وقفےسے جاری ہے۔
مزید پڑھیں : بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید، چارزخمی
یاد رہے کہ 30ستمبر اور 2اکتوبر کو رکھ چکری اور راولا کوٹ میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس میں تین شہری شہید اور پانچ زخمی ہوئے تھے، جس پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے سیز فائر خلاف ورزی پر شديد احتجاج کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے بارہا تنبیہ کے باوجود بھارتی جارحيت جاری ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت 2003 سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔
مزید پڑھیں : ایل او سی پر بھارتی جارحیت، پاک فوج کا جوان اور 2 شہری شہید
سال دو ہزار سترہ میں اب تک ہندوستان کی جانب سے 900 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ ترجمان کے مطابق جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔