اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سینیٹ میں قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی مہم جوئی کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔
سینیٹ میں قرار داد قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے پیش کی جس میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکا جائے۔ قرار داد میں کہا گیا کہ کشمیریوں کو بھارتی فوج کے مظالم کا سامنا ہے اور کشمیر میں نہتے جوان ،مرد و خواتی بھارتی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔
قرار داد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جرائم کی عالمی انکوائری کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
قبل ازیں اراکین نے پاک بھارت تعلقات پر درپیش صورتحال پر بحث میں مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے درپیش حالات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، انہوں نے کل جماعتی کانفرنس کا بھی مطالبہ کیا۔