The news is by your side.

بھارتی کپتان ریشبھ پنت پر کیوں برس پڑے؟ ویڈیو وائرل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بلے باز ریشبھ پنت کو آؤٹ ہونے کے بعد ڈریسنگ روم آتے ہی آڑے ہاتھوں لیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی لیکن اس شکست سے قبل ہی بھارتی کپتان اپنے ایک بہترین بلے باز ریشبھ پنت پر برس پڑے، ان کے پنت پر غصہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روہت شرما بھارت کے مڈل آرڈر وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت سے ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں آتے ہی ان سے بازپرس کر رہے ہیں۔ ریشبھ پنت جنہوں نے ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں اہم موقع پر اپنی وکٹ گنوائی، جیسے ہی ڈریسنگ روم پہنچے تو لگتا تھا کہ کپتان ان کی کلاس لینے کے لیے تیار تھے۔

کپتان نے پنت سے ان کے اس ناقص شاٹ سلیکشن کی وجہ پوچھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس موقع پر یہ شاٹ کیوں کھیلنے کی کوشش کی۔

 

یاد رہے کہ پنت کو پلیئنگ الیون میں دنیش کارتک سے سخت مقابلے کا سامنا ہے اور نوجوان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اس قسم کی غلطیاں ٹیم سے ان کے اخراج کا سبب بن سکتی ہیں۔

دوسری جانب ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہونے کے بعد نوجوان بلے باز پر صارفین کے تنقیدی تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ لڑکا ابھی تک غیر ذمے دار ہے، دوسرے نے کہا کہ صحیح بولا، اسے کب عقل آئے گی، اتنے بڑے میچ میں کوئی ایسا شارٹ کھیلتے ہیں اگر صحیح کھیلتا تو 200 سے اوپر اسکور ہوتا۔

ایک اور صارف نے کہا کہ کھلاڑی کی باڈی لینگویج سے اس کی ٹیم کے ساتھ کمٹمنٹ ظاہر نہیں ہورہی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر راؤنڈ میچ میں شکست کا بدلہ لے لیا۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 181 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹیں گنوا کر آخری اوور میں حاصل کرلیا، میچ کی خاص بات نواز اور محمد رضوان کی جارحانہ بلے بازی تھی جس کو آخری لمحات میں آصف علی نے بھی تڑکا لگایا۔

پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے، محمد نواز نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ آخری لمحات میں آصف علی نے 8 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست 16 رنز بنائے۔ محمد نواز کو ان کی جارحانہ بلے بازی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں