بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا ذمے دار خود کو قرار دیا ہے۔
سیریز میں شرمناک کارکردگی کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے میڈیا سے گفتگو میں نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ واش کی ذلت آمیز شکست کا ذمے دار خود کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
روہت شرما نے کہا اس سیریز میں پوری بھارتی ٹیم اجتماعی طور پر اچھا کھیل پیش نہیں کر سکی لیکن وہ بھی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں جب کہ ہمارے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی پیش کی۔
بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ ٹیسٹ سیریز ہارنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔ یہ ایسی چیز ہے جو آسانی سے ہضم نہیں ہوتی۔ ایک بار پھر، ہم نے اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی اور اس سیریز میں ہم نے بہت سی غلطیاں کیں، جس کا ہمیں اعتراف کرنا ہوگا۔
روہت شرما نے سیریز میں شکست کی بڑی وجہ بیٹنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بلے بازوں نے کسی بھی ٹیسٹ میچ میں بورڈ پر اتنے رنز نہیں بنائے کہ حریف کو دباؤ میں لے سکتے۔ ممبئی ٹیسٹ میں کم ہدف ملا جس کو حاصل کیا جا سکتا تھا لیکن بیٹرز نے انہیں دوبارہ مایوس کیا۔
اپنی بیٹنگ فارم سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ بطور سینئر کھلاڑی اور کپتان اس سیریز میں بہترین کارکردگی نہ دکھا سکے اور یہ صورتحال بہت مایوس کن ہے جب کہ نوجوان بیٹرز (رشبھ پنت، یشسوی جیسوال، اور شبمن گل) نے دکھایا کہ بیٹنگ کیسے کی جاتی ہے۔
ممبئی ٹیسٹ میچ میں شبمن گل نے پہلی اننگز میں 146 گیندوں پر شاندار 90 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں رشبھ پنت نے 57 گیندوں پر 64 رنز بنائے لیکن کوئی دوسرا بیٹر ان کا ساتھ نہ دے سکا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ سے وائٹ واش کے بعد وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ اسے فائنل کھیلنے کے لیے کم از کم چار فتوحات درکار ہوں گی جب کہ اس کا آخری اسائنمنٹ 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل آسٹریلیا کی مشکل سیریز ہے۔
بھارتی شیر بھیگی بلی بن گئے، کیویز کے ہاتھوں اپنی سر زمین پر وائٹ واش