تازہ ترین

پاک فوج کی جوابی کارروائی، بھارتی چوکی تباہ، دو انڈین فوجی ہلاک

راولپنڈی : لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے انڈین چوکی کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں دو بھارتی سپاہی ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنڑول پر بھارتی فوج نے اشتعال انگیزی اور سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد کے قریبی گاؤں جاجوٹ میں پلٹ گن کے ذریعے آٹھ سالہ بچے ایان کو بلا جواز نشانہ بنایا جس سے زخمی ہونے والے ایان نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ دیا تھا۔

پاک فوج کے جوان دل سپاہیوں نے مقبوضہ کشمیر کے لائن آف کنٹرول کے قریب واقع گاؤں جاجوٹ میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے اُس بھارتی چوکی کو تباہ کردیا جس سے آٹھ سالہ معصوم اور نہتے بچے کو پلٹ گن سے نشانہ بنایا گیا تھا، چوکی تباہ ہونے سے دو انڈین فوجی ہلاک ہو گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی جارحیت کا شکار بننے والے معصوم ایان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی سفاکیت کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے کشمیریوں پر پلٹ گن کا استعمال کرکے بھارت نے دنیا کو اپنے اصل چہرے سے روشناس کرادیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک اسکول بس کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاک فوج نے بھارتی چوکی کو تباہ کردیا تھا جب کہ پاکستان میں تعینات بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -