بھارتی کامیڈین و اداکار راجو شری واستو کو ڈاکٹرز نے دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کامیڈین راجو شری واستو کے چیف ایڈوائزر اجیت سکسینا نے نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ راجو کی طبیعت بدھ کی رات پھر بگڑ گئی تھی اور ڈاکٹرز نے ہمیں بتایا ہے کہ اداکارکا دماغ تقریباً مردہ ہوچکا ہے جبکہ دل کو بھی کام کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کامیڈین کی فیملی اور ٹیم اب کسی معجزے کی منتظر ہے۔
علاوہ ازیں راجو شری واستو کے منیجر مقبول نے بتایا کہ بدھ کی شب اداکار کی حالت بگڑی ان کی دماغ کی شریانیں سوج گئی تھیں اور دماغ میں پانی بھی آگیا تھا.
تاہم ڈاکٹرز نے اس صورتحال کو سنبھال لیا تھا تاہم دل کی پیچیدگیوں کی وجہ سے انہیں بھاری دوائیں نہیں دی جاسکتیں۔
انہوں نے بتایا کہ راجو اب بھی وینٹی لیٹر پر ہیں اور انہیں اب تک ہوش نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے راجو شری واستو کو اس وقت دل کا دورہ پڑا تھا جب وہ جم میں ٹریڈ مِل پر ایکسرسائز کر رہے تھے۔
یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ راجو نے جم میں بہت زیادہ ایکسرسائز کی جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑی تاہم ان کے بھانجے کوشل سری واستو نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔