لاہور: بھارتی کرکٹ بورڈ کا تین رکنی وفد آج پاکستان پہنچے گا، پی سی بی حکام کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت ہوگی، اس موقع پر اہم فیصلے ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد آج صدر بی سی سی آئی راجر بنی کی قیادت میں دوپہر میں واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ جائے گا، نائب صدر راجیو شکلا بھی ساتھ ہوں گے، بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے ساتھ گورنر ہاؤس پنجاب کے ڈنر میں بھی شرکت کرے گا۔
ادھر ایشین کرکٹ کونسل شدید بارشوں کے باعث پریشانی کا شکار ہے، کولمبو میں شیڈول میچز کا وینیو تبدیل کرنے پر سوچ بچار کی جارہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے سی سی ممبر بورڈز کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، فائنل سمیت سپرفور مرحلے کے میچز پالی کیلے میں کرائے جا سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دمبولا میں میچز کرنے پر اب تک اتفاق نہیں ہوسکا ہے، اے سی سی اگلے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے میں اہم فیصلہ کرے گا۔ کولمبو میں فائنل سمیت ایونٹ کے چھے میچز شیڈول ہیں۔ سپر فور مرحلے میں پاک بھارت مقابلہ بھی کولمبو میں ہی منعقد ہوگا۔