ممبئی: بھارتی انتہا پسند پاکستان دشمنی میں ہر حد پار گئے۔ کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد خان کی موجودگی کے باعث ملک بھر میں فلم کی ریلیز روک دی گئی۔
کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں رنبیر کپور، ایشوریا رائے، انوشکا شرما اور فواد خان اداکاری کے جوہر دکھا رہے تھے۔
فلم 28 اکتوبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جانے والی تھی تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق سینما مالکان نے فلم کی نمائش سے انکار کردیا ہے۔
انتہا پسندوں کے خوف سے بھارتی سینما مالکان نے ان تمام فلموں کو سینما گھروں کی زینت بنانے سے انکار کردیا جن میں پاکستانی اداکار موجود ہیں۔
اس سے قبل بھارتی انتہا پسند تنظیم مہارا شٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) نے فلم ساز کرن جوہر اور مہیش بھٹ کو دھمکی دی تھی کہ اگر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کیا تو گلیوں میں گھما گھما کر ماریں گے۔
انتہا پسند تنظیم کے سربراہ چترپٹ سینا کا کہنا تھا کہ اڑی حملے کے بعد ہم نے فلم انڈسٹری سے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہ کرنے کی اپیل کی تھی لیکن مہیش بھٹ اور کرن جوہر نے ہماری اپیل پر مثبت جواب نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ کسی بھی پاکستانی فنکار کے ساتھ کام کرتے ہیں، تو انہیں ہماری جانب سے جواب کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔
اس سے قبل اسی تنظیم نے پاکستانی اداکاروں کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا انتباہ بھی دیا تھا۔
حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن پاکستانی اداکاروں پر پہلے ہی پابندی عائد کرچکی ہے۔ علاوہ ازیں کئی بالی ووڈ فنکاروں نے بھی پابندی کو درست قرار دیتے ہوئے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعض اداکار اس موقع پر غیر جانبدار رہے اور امن کی خواہش پر زور دیا تاہم سلمان خان، کرن جوہر، سیف علی خان اور اوم پوری نے کھل کر پاکستانی اداکاروں کے حق میں بیان دیا جس کے بعد ان اداکاروں کو بھی انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتیوں نے اوم پوری کے خلاف غداری کا مقدمہ بھی درج کروایا جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان پر معذرت کر کے اپنی جان چھڑائی۔
دوسری جانب پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ میں ان کے کردار کے بارے میں بھی متضاد اطلاعات سامنے آرہی تھیں۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ ماہرہ خان کو فلم سے نکال دیا گیا ہے لیکن فلم کے ڈائریکٹر رتیش سدھوانی نے اس کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے، اب اس میں کسی تبدیلی کی گنجائش نہیں اور اسے مقررہ وقت پر ہی ریلیز کیا جائے گا۔
ماہرہ خان فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ خان کے مد مقابل کردار ادا کر رہی ہیں۔