مظفر آباد : راولاکوٹ پولیس نے ’را‘ کا ایجنٹ گرفتار کرلیا، عرفان حساس تنصیبات کی تصاویر اور ویڈیوز دشمن تک پہنچاتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ آپریشن کے دوران بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ‘را’ کے لیے کام کرنے والے ایجنٹ عرفان کو گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی آزاد کشمیر کیپٹن (ریٹائرڈ) لیاقت علی ملک نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دشمن کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا گیا ہے۔
آئی جی آزاد کشمیر نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ گرفتار ایجنٹ عرفان کا ہینڈلر ‘شاہد’ نامی شخص تھا، جس نے لاہور کے پتے پر جعلی فیس بک آئی ڈی بنا رکھی تھی ، شاہد نے عرفان کو لالچ دے کر اپنے جال میں پھنسایا اور اسے حساس تنصیبات کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر مامور کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم عرفان حساس مقامات کی ویڈیوز اور معلومات اپنے ہینڈلر کو فراہم کرتا تھا، جس کا مقصد جان و مال کا نقصان پہنچانا تھا۔
لیاقت علی ملک نے بتایا کہ آزاد کشمیر پولیس اور حساس اداروں نے مل کر اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن قوتیں ہمارے نوجوانوں کو پیسوں اور دیگر مراعات کا لالچ دے کر ریاست کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
آئی جی آزاد کشمیر نے والدین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں اور خصوصاً سوشل میڈیا کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں، دشمن ایجنٹس معصوم نوجوانوں کو ٹریپ کر کے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث کر رہے ہیں، لہٰذا والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے عناصر سے بچائیں۔”
گرفتار ایجنٹ سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریاست کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


