(21 جنوری 2026): بھارتی اسپورٹس صحافی محسن نقوی کے گُن گانے لگے اور کہا کہ پہلی بار پی سی بی کو مضبوط چیئرمین ملا ہے۔
بھارت میں ورلڈ کپ نہ کھیلنے کے بنگلہ دیش کے موقف پر پاکستان کی حمایت نے بھارتیوں کی عقل ٹھکانے لگا دی اور کل تک پاکستان کو برا بھلا کہنے والے اب تعریف پر مجبور ہو گئے۔
ایسے ہی بھارت کے اسپورٹس صحافی ہیں، جو کل تک پاکستان کرکٹ کے خلاف زہر اگل رہے تھے اب ان کے منہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے شہد ٹپکنے لگا ہے۔
وکرانت گپتا بھی پینترا بدلتے ہوئے محسن نقوی کے گن گا رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پہلی بار محسن نقوی جیسا مضبوط چیئرمین پی سی بی کو ملا ہے، جو سامنے والے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی نے بھارت کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے پر ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کر دیا تھا اور ان کے مضبوط موقف کی وجہ سے بی سی سی آئی کو پاکستان سے معاہدہ کرنا پڑا تھا۔
اس معاہدے کے تحت گزشتہ سال بھارت کو میزبان ہوتے ہوئے ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل کے تحت یو اے ای میں کھیلنا پڑا جب کہ اب پاکستان اسی ماڈل کے تحت ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی بھی حمایت کی ہے اور اس سلسلے میں ایک خط آئی سی سی کو بھی لکھا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


