ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات سے اب دنیا کے سامنے ان کا چہرہ بےنقاب ہوگیا ہے۔
اے آر وائی کے پروگرام اعتراض میں گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کا اصل چہرہ کافی عرصے سے دنیا کو دکھا رہا تھا، بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات سے دنیا کے سامنےان کا مکروہ چہرہ بےنقاب ہوچکا ہے۔ پاکستان کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔
پاکستانی دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ 2019 میں گھر میں گھسنے کی کوشش پر بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔ پاکستان کی فورسز جواب دینے کے لیے تیار ہیں، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے اور کرتا رہا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ایسے بیانات سے شاید بھارتی حکمرانوں کو سیاسی فائدہ پہنچے مگرعالمی سطح پر نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ کسی بھی خودمختار ریاست میں تخریب کاری عالمی قوانین کے مطابق ناقابل قبول ہے۔ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ بھارتی وزیردفاع کے بیان سے واضح ہے کہ بھارت بدمعاش ریاست بن چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھرمیں بےنقاب ہورہا ہے، پاکستان کی سلامتی پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔