دبئی : متحدہ عرب امارات کی پولیس نے بھارتی شہری کو گھر میں بھنگ کے اُگانے اور منشیات استعمال کرنے کے جرم میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر میں منشیات (بھنگ، چرس) اُگانے کے جرم میں بھارتی شہری کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کردیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دبئی پولیس کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ملازمت کی غرض سے دبئی آنے والی بھارتی شہری نے گھر میں بھنگ کے پودے لگائے ہوئے ہیں۔
دبئی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم خود بھی نشے کا عادی ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات سیل کے اہلکاروں نے پولیس کے ہمراہ 32 سالہ بھارتی شہری کے گھر چھاپہ مار کر ممنوعہ پودے اور منشیات برآمد کی اور مذکورہ شہری کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پبلک پراسیکیوٹر نے ملزم پر منشیات کے 51 پودے لگانے اور منشیات کا استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور عدالت کو بتایا کہ ملزم سے برآمد ہونے والی منشیات میں کچھ بیج کی صورت میں تھے جسے اُگانا تھا۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ 32 سالہ بھارتی شہری نے عدالت کے سامنے خود پر لگائے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نشہ کرتا ہوں تاہم نشے کی خاطر گھر میں بھنگ کے پودے نہیں لگائے‘۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دبئی پولیس کی جانب سے ملزم کے ٹیسٹ کروائے گئے تھے جس کی رپورٹ مثبت ہیں، عدالت نے رپورٹ دیکھنے اور پبلک پراسیکیوٹر کا مؤقف سننے کے 30 ستمبر کو ملزم کو سزا سنانے کا اعلان کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔