ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے بھارتی اسپنر رویندر جڈیجہ کا کہنا ہے کہ انڈین اسکواڈ میں کوئی کمزوری نہیں ہے۔
اتوار کو چنئی میں بھارت نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو 199 رنز پر ٹھکانے لگانے کے بعد 6 وکٹوں سے میچ جیت کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ اس جیت میں اہم کردار اسپن آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کا بھی رہا جنہوں نے 28 رنز دے کر تین اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف دو رنز پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں جب کہ ویرات کوہلی کو 12 کے اسکور پر آسان کیچ ڈراپ ہونے سے نئی زندگی ملی۔ ٹاپ بلے بازوں کی ناکامی کے باوجود رویندر جڈیجہ کہتے ہیں کہ انہیں اپنی ٹینم میں کوئی واضح کمزوری نظر نہیں آتی اور وہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے تیار ہے۔
آئی سی سی ریویو پوسٹ کاڈ کی تازہ ترین قسط میں گفتگو کے دوران رویندرا جڈیجہ بھارت کے تیسری بار ورلڈ کپ جیتنے کے انتہائی پر امید دکھائی دیے اور کہا کہ شائقین بہت پرجوش ہیں کیونکہ ہماری ٹیم تمام شعبوں میں متوازن ہے۔
رپورٹ کے مطابق رویندرا جڈیجا نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں کہ ہم کسی خاص شعبے میں کمزور ہوں۔ ہندوستانی شائقین کی توانائی، ان کا اعتماد، اور ان کا ہم پر اٹل اعتماد ناقابل یقین حد تک بلند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ہم ہندوستان میں کھیلتے ہیں، کسی بھی سیریز کے لیے وہ اتنی بڑی تعداد میں آتے ہیں کہ پورا اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا رہتا ہے اور مجھے بھارتی شائقین کے جم غفیر کے سامنے ورلڈ کپ کھیلا بہت پرجوش لگتا ہے۔
اسپنر نے کہا کہ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کے لیے چدرمبرم اسٹیڈیم میں 30,000 سے زیادہ شائقین آئے اور توقع ہے کہ جب میزبان ٹیم ٹورنامنٹ کے بقیہ حصے میں ملک بھر میں اپنی مہم جاری رکھے گی تو یہ تعداد مزید بڑھے گی۔
جڈیجہ نے کہا کہ امید ہے کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، فائنل میں پہنچیں گے اور ورلڈ کپ جیتیں گے۔