پیر, اپریل 20, 2026
اشتہار

جنوبی افریقہ سے عبرتباک شکست، بھارتی کرکٹ فینز گوتم گمبھیر پر برس پڑے

اشتہار

حیرت انگیز

احمد آباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھارتی ٹیم کی عبرتناک شکست کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور ٹیم مینجمنٹ کو بھارتی کرکٹ فینز کے ہاتھوں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شائقینِ کرکٹ نے اکشر پٹیل کو مسلسل دوسرے میچ میں ڈراپ کر کے واشنگٹن سندر کو کھلانے کے فیصلے کو شکست کی بڑی وجہ قرار دیا۔

ٹاس کے وقت بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے بتایا کہ اکشر پٹیل کو باہر رکھنا ایک ”ٹیکٹیکل فیصلہ” تھا کیونکہ جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر میں تین بائیں ہاتھ کے بلے باز موجود تھے، جن کے خلاف آف اسپنر واشنگٹن سندر کو بہتر آپشن سمجھا گیا۔

واشنگٹن سندر نہ تو گیند سے جادو دکھا سکے اور نہ ہی بلے سے۔ انہوں نے 2 اوورز میں 17 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کی، جبکہ بیٹنگ میں بھی صرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بھارتی کرکٹ فینز کا کہنا ہے کہ اکشر پٹیل بہترین فارم میں تھے اور اپنے ہوم گراؤنڈ (احمد آباد) پر ان کو بینچ پر بٹھانا سمجھ سے باہر ہے۔

میچ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر بھارتی مداحوں نے گوتم گمبھیر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اکشر پٹیل جیسے میچ ونر کو باہر بٹھا کر واشنگٹن سندر کے ساتھ تجربہ کرنا ٹیم کو مہنگا پڑا۔ گمبھیر کی یہ حکمت عملی بالکل سمجھ سے باہر ہے۔

ایک ناراض مداح نے کہا کہ جب سندر سے ڈیوڈ ملر کے خلاف بولنگ ہی نہیں کرانی تھی تو پھر اسے اکشر پر ترجیح کیوں دی گئی؟ ٹیم مینجمنٹ نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔”

واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 187 رنز بنائے تھے، جس کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس 76 رنز کی بڑی شکست نے بھارت کے لیے سیمی فائنل کی راہ میں مشکلات کھڑی کردی ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں