لنکا ٹی 10 لیگ کی فرنچائز کے بھارتی مالک پریم ٹھاکر کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی اسپورٹس پولیس نے میچ فکسنگ کے الزامات کے بعد لنکا ٹی 10 لیگ میں فرنچائز کے مالک بھارتی شہری پریم ٹھاکر کو گرفتار کیا ہے۔
پریم ٹھاکر کو جمعرات کو کینڈی کے پالے کیلے اسٹیڈیم کے وسطی ضلع میں کھیلی جارہی لنکا ٹی 10 لیگ میں میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق لنکا ٹی 10 سپر لیگ میں ’گال مارولز‘ ٹیم کے مالک کو گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں آج کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
لنکا ٹی 10 لیگ گال مارولز ٹورنامنٹ کی چھ ٹیموں میں سے ایک ہے۔
رپورٹ کے مطابق پریم ٹھاکر کی گرفتاری ویسٹ انڈیز کے ایک غیرملکی کھلاڑی کی شکایت کے بعد عمل میں آئی ہے جس نے میچ فکس کرنے کی ان کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔
حکام اب اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جس سے افتتاحی لنکا ٹی 10 ٹورنامنٹ کی سالمیت کے بارے میں خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔