سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے شوپیاں میں 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔
کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کوگھروں سے نکال دیا۔
اس سے قبل قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، استاد سمیت7 نوجوان شہید
بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے باندی پورہ اورشوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 7 کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا تھا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔