منگل, اگست 11, 2026
اشتہار

نیٹ پیپر لیک اور طالب علموں کے احتجاج پر بالی ووڈ کے بڑے ستارے خاموش کیوں ہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: بھارت میں نیٹ یو جی امتحانی پرچہ لیک ہونے کے خلاف جب ملک گیر احتجاج شروع ہوا تو لاکھوں طالب علم، والدین، اساتذہ اور تعلیمی ماہرین سڑکوں پر نکل آئے۔

اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت سمیت کئی سیاسی شخصیات نے اس معاملے پر کھل کر بات کی اور سوشل میڈیا پر احتساب اور انصاف کا مطالبہ چھا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس تمام تر صورتحال میں ایک چونکا دینے والا پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ بھارتی سنیما کی معروف شخصیات کی اکثریت اس اہم مسئلے پر مکمل طور پر خاموش رہی۔

چند اداکاروں جیسے کہ 75 سالہ شبانہ اعظمی، سوناکشی سنہا، ور داس، انوراگ کشیپ، دیا مرزا، سونو سود، رتھک روشن اور ملیالم اداکارہ رنجینی ہری داس نے طالب علموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

NEET: India med school hopefuls beset with anxiety before they retake exam

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم ساز انوراگ کشیپ نے تو طلبہ پر پرتشدد اقدامات پر پولیس کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی، لیکن شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان جیسے ملک کے سب سے بڑے سپر اسٹارز نے اس نازک معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کیے رکھی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارت کے نامور ستارے کسی بڑے قومی مسئلے پر خاموش رہے ہوں۔ ماضی میں بھی چاہے ’می ٹو‘ تحریک ہو، کسانوں کا احتجاج، متنازع شہریت قانون کے خلاف مظاہرے ہوں یا ملیالم سنیما کی ہیما کمیٹی رپورٹ، ملک کے سب سے زیادہ اثر و رسوخ رکھنے والے ستاروں نے ہمیشہ چُپ سادھنے کو ہی ترجیح دی ہے۔

اگرچہ شبانہ اعظمی، نصیر الدین شاہ اور پرکاش راج جیسی چند شخصیات ہمیشہ مختلف مسائل پر کھل کر آواز اٹھاتی رہی ہیں، لیکن وہ اس انڈسٹری میں استثنا کی حیثیت رکھتے ہیں، قاعدہ نہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ خاموشی اس لیے زیادہ محسوس کی جاتی ہے کیونکہ یہ اداکار صرف فلمی ستارے نہیں بلکہ ملک کی سب سے بااثر شخصیات میں سے ہیں جن کی بات کروڑوں لوگوں تک پہنچتی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہر خبر پر ردِعمل دینا ہر اداکار کی ذمہ داری نہیں، لیکن جب ملک کے مستقبل، یعنی طالب علموں کے اعتماد اور شفافیت کا سوال ہو، تو ایسے وقت میں خاموش رہنا بھی ایک خاص موقف اختیار کرنے کے مترادف سمجھا جاتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں