ملک میں جاری مہنگائی کے خلاف ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر خیبرپختونخوا بھر کے وکلاء نے آج عدالتی بائیکاٹ کیا اور احتجاجی مظاہرے ریکارڈ کرائے۔
پشاور ہائیکورٹ کے وکلاء نے بھی ہائیکورٹ سے اسمبلی گیٹ تک ریلی نکالی مظاہرین نے بینرز اٹھائے تھے جس پر حکومت کے خلاف سخت نعرے درج تھے, وکلاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں جو اضافہ کیا گیا ہے اس کو واپس لیا جائے اور اشیاء خوردنوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائے, وکلاء نے دھمکی دی کہ اگر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے تو پھر تحریک شروع کرے گے۔
احتجاجی ریلی سے پہلے ہائیکورٹ بار روم میں وکلاء کا اجلاس ہوا جس سے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایسوسی ایشن کے صدر بہلول خٹک اور دیگر سینئر وکلاء نے خطاب کیا۔۔
مہنگائی کے خلاف وکلاء تحریک کو لیڈ کرنے لئے سپریم کورٹ بار کے ایسوسی ایشن کے صدر عبدالطیف آفریدی کی سربراہی میں کمیٹی کا اعلان بھی کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سکرٹری قیصر زمان نے بتایا کہ حکومت نے منی بجٹ کے زریعے عوام پر مہنگائی کا طوفان مسلط کیاہے مہنگائی سے ہر شہری پریشان ہے مہنگائی کی اس طوفان پر خاموش نہیں رہ سکتے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پہلا بار ہے جس نے مہنگائی کے خلاف آواز بلند کیا ہے, اس سوال پر کہ کیا وکلاء مہنگائی کے خلاف تحریک شروع کررہے اور احتجاج ہر ہفتہ رکارڈ کیا جائے گا۔
قیصر زمان ایڈوکیٹ نے بتایا کہ اس حوالے سے پاکستان بار کونسل کا اجلاس بدھ کو ہوگا پاکستان بار کونسل جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کرے گے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گے انھوں نے بتایا کہ ہم دیگر صوبوں کے وکلاء سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرے۔
ہائیکورٹ کے سابق صدر ارباب عثمان ایڈوکیٹ نے بتایا کہ ہر جگہ صرف ایک ہی بات ہورہی ہے اور وہ مہنگائی کی ہے پتہ نہیں ,حکمران ملک کو کس طرف لے کر جارہے ہیں ملک میں جب بھی کوئی المیہ پیدا ہوتا ہے تو وکلاء ہی صف اول کا کردار ادا کرتے ہیں مہنگائی کے خلاف بھی وکلاء نے آواز بلند کیا ہے اوگرا نے 6 روپے پٹرول مہنگا کرنے کی سفارش کی تو حکومت نے 10 روپے سے بھی بڑھا دیا ہے۔
سابق جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن یاسر خٹک ایڈوکیٹ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر غریب عوام کے لئے ہمیں اکٹھا ہونا ہوگا 2007 میں جس طرح وکلاء نے تحریک چلائی تھی اسی طرح اب ہم مہنگائی کے خلاف تحریک شروع کرنے جارہے ہیں اب ہمیں باہر نکل کر ہر ظلم کا مقابلہ کرنا ہوگا آج اسمبلی چوک میں جمع ہوکر حکومت کو پیغام دے رہے ہیں کہ بس بہت ہوگیا اب عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔